سلمان خان نے فلم کالا ہرن کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا

تاثیر 13 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 جون: فلم اداکار سلمان خان نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر فلم ‘کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی’ کی ریلیز پر روک لگانے کی درخواست کی ہے۔ اپنی درخواست میں، سلمان خان کا کہنا ہے کہ یہ فلم 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے واقعے سے متعلق ہے اور اس سے انکی کردار کشی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ فلمسازوں نے فلم میں سلمان خان کی شکل کا استعمال کیا ہے، جس میں انہیں ایک ایسا بریسلٹ پہنا ہوا دکھایا گیا ہے جو سلمان خان پہنتے ہیں۔ سلمان کا مزید دعویٰ ہے کہ پروڈیوسر فلم کی تشہیر کے دوران خان کے نام کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز کالے ہرن کے شکار کے جاری مقدمات کو متاثر کر سکتی ہے اور ان کی شبیہ کو داغدار کر سکتی ہے۔
خان نے اس سے قبل پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس میں فلم کی تشہیر اور ریلیز کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ نوٹس میں بتایا گیا کہ کالے ہرن کے شکار کا معاملہ فی الحال راجستھان ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ معاملے کے گرد سنسنی خیزی پیدا کرنا مقدمے کی کارروائی کو متاثر کر سکتا ہے۔