تاثیر 27 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 27 جون: شیو سینا نے ہندو مذہبی اداروں سے متعلق حالیہ تنازعات اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام ہندو مندروں اور مذہبی اداروں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے اور چاروں شنکراچاریاؤں کی قیادت میں ایک آزاد ہندو تحفظ بورڈ قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی کی قیادت میں کارکنوں نے اندرا چوک جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہندو پروٹیکشن بورڈ تشکیل دو، مندروں کو بچاؤ، عقیدے کو بچاؤ اور مندروں کی خودمختاری بحال کرو ،جیسے نعروں والے پلے کارڈ اٹھائے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے منیش ساہنی نے کہا کہ رام مندر سے متعلق عطیات اور اراضی کے معاملات، شری ماتا ویشنو دیوی میں چاندی کے نذرانے سے متعلق تنازع اور تروپتی لڈو پرسادم معاملے نے لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے مندروں کے انتظام پر عوام کا اعتماد متاثر ہوا ہے، اس لیے شفاف، جوابدہ اور خودمختار انتظامی نظام ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں کے عطیات، نذرانے اور مندروں کی جائیدادوں کو مکمل شفافیت کے ساتھ صرف مذہبی، تعلیمی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر خرچ کیا جانا چاہیے۔

