تاثیر 15 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 14 جون (ہ س)مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور روزگار کی فراہمی میں ان کا اہم کردار ہے۔ صوبائی حکومت روزگار پر مبنی صنعتوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور سال 2047 تک مدھیہ پردیش میں ایک کروڑ ایم ایس ایم ای اکائیوں کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کے روز بھوپال میں واقع کشابھاو ٹھاکرے آڈیٹوریم میں منعقدہ ’سمردھ ایم ایس ایم ای-وکست مدھیہ پردیش‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سنگل کلک کے ذریعے 900 ایم ایس ایم ای اکائیوں کو 360 کروڑ روپے سے زیادہ کی ترغیبی رقم تقسیم کی۔ ساتھ ہی مختلف اسکیموں کے مستفیدین کو قرض، اراضی الاٹمنٹ لیٹر اور اسٹارٹ اپ ترغیبی رقم بھی فراہم کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں اس وقت 24 لاکھ سے زیادہ ایم ایس ایم ای اکائیاں کام کر رہی ہیں، جن سے سوا کروڑ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ ان میں 4.41 لاکھ سے زیادہ اکائیوں کو خواتین چلا رہی ہیں، جو کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک مضبوط مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ڈھائی برسوں میں ایم ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے 4,500 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا ہدف ہر ضلعے میں صنعت، ہر خاندان میں روزگار اور ہر نوجوان کو موقع فراہم کرنا ہے۔ اسی سمت میں صنعتی اراضی کی الاٹمنٹ کے عمل کو ا?سان بنایا گیا ہے۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں 30 نئے صنعتی علاقے اور 14 کلسٹر منظور کیے گئے ہیں، جبکہ 1,063 پلاٹ صنعت کاروں کو الاٹ کیے جا چکے ہیں۔ آنے والے برسوں میں 60 نئے صنعتی علاقے تیار کرنے اور 6,000 سے زیادہ پلاٹ الاٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔

