سیتا مڑھی میں طوفان اور بارش سے تباہی : کچے مکان پر پیپل کا درخت گرنے سے ماں اور چار بچوں کی موت

تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتا مڑھی، 9 جون:بہار میں پیر کی دیر رات آنے والے تیز طوفان اور موسلا دھار بارش نے سیتا مڑھی ضلع میں ایک خاندان کو پوری طرح تباہ کر دیا۔ ریگا بلاک کے ریوایسی گاوں میں ایک کچے مکان پر پیپل کا ایک بڑا درخت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ اس واقعے کے بعد پورے گاوں میں سوگ اور ماتم کا ماحول ہے۔
یہ حادثہ پیر کی دیر رات تقریباً ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا، جب خاندان کے تمام ارکان اپنے گھر میں سو رہے تھے۔ تیز آندھی کی وجہ سے مکان کے پاس واقع پیپل کا ایک بڑا درخت اچانک کچے گھر پر گر گیا۔ درخت گرنے سے مکان پوری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں سو رہے خاندان کے ارکان ملبے میں دب گئے۔ اس حادثے میں پوجا دیوی (28 سال)، ان کے بیٹے راج کمار (7 سال)، بیٹی شیوانی (5 سال)، ویربھدر کمار (2 سال) اور ایک ماہ کا معصوم بچہ لائیگر کمار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی راحت اور بچاو کا کام شروع کیا اور ملبے میں دبے لوگوں کو باہر نکالا۔