تاثیر 21 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،20جون:امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ لبنانی اسرائیلی مذاکرات کا اگلا دور 23 سے 25 جون تک واشنگٹن میں منعقد ہوگا۔ یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور لبنانی صدر جوزف عون کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد کیا گیا ہے۔واشنگٹن کی وزارت خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ایک بیان میں کہا کہ روبیو نے حزب اللہ کے اسلحہ کی دستبرداری کی ضرورت پر ایک مرتبہ پھر زور دیا اور ایک ایسی مکمل خودمختار لبنانی ریاست کے قیام کے لیے لبنانی حکومت کی کوششوں کے لیے امریکی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا جو اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن سے رہے۔اسرائیلی نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کے دوران لبنانی فوج کے ذریعے حزب اللہ کے ہتھیاروں کو ناکارہ بنانے کے منصوبے کے لیے تجرباتی علاقے متعین کیے جائیں گے۔امریکی انتظامیہ کی جانب سے آگے بڑھائے جانے والے منصوبے کے مطابق یہ علاقے ان مقامات پر ہوں گے جہاں اس وقت اسرائیلی فوج کی فورسز موجود ہیں جس کے نتیجے میں سکیورٹی پٹی کے کچھ حصوں سے اسرائیلی افواج کا جزوی انخلا ہو سکتا ہے۔

