تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ناگاؤں (آسام)، یکم جون: آسام کے جوریہ علاقے میں دو خواتین کو غیر ملکیوں کی شناخت کے لئے قائم خصوصی ٹریبونل نے غیر ملکی شہری قرار دے دیا ہے۔ ٹرائیبیونل کے حکم کے بعد دونوں خواتین کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد حراستی کیمپ میں بھیج دیا گیا ہے۔
پیر کو منظر عام پرآنے والی معلومات کے مطابق مُمتاز بیگم اور جہاں آرا بیگم نامی دونوں خواتین مجاز اتھارٹی کے سامنے اپنی بھارتی شہریت ثابت کرنے میں ناکام رہیں۔ اس کے بعد ٹریبیونل نے انہیں غیر ملکی قرار دیا اور انتظامیہ نے عدالت کے حکم کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو حراستی مرکز بھیج دیا۔
ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے جاری مہم کے دوران یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق شہریت اور غیر قانونی ہجرت سے متعلق معاملات میں نافذ قانونی دفعات کے تحت یہ کاروائی کی گئی۔
جوریہ علاقے میں اس کارروائی پربڑے پیمانے پر بحث اور تبصرے کئے جارہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کی ہدایات کے مطابق مکمل قانونی عمل کی پیروی کرتے ہوئے دونوں خواتین کے خلاف ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

