ڈوڈہ پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف بیداری پروگرام

تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 01 جون : نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ڈوڈہ پولیس نے مختلف متعلقہ محکموں کے اشتراک سے ہائر اسیکنڈری اسکول کنڈوت میں منشیات کے خلاف ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کے دوران مقررین نے منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے سماجی، نفسیاتی، قانونی اور طبی نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے والدین، تعلیمی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سماج کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
شرکاء کو نشہ مکت بھارت ابھیان کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔ اس موقع پر طلبہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے دوستوں، اہل خانہ اور سماج میں منشیات کے نقصانات کے بارے میں بیداری پھیلائیں۔پروگرام میں ایک تعاملی نشست بھی منعقد کی گئی جس کے دوران طلبہ اور دیگر شرکاء نے منشیات کی روک تھام اور نشے کی لت سے بچاؤ سے متعلق سوالات کیے اور اپنی آراء پیش کیں۔