تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 4جون: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ ریاست اتراکھنڈ کے قیام کے وقت لوگوں کا وڑن تھا کہ ریاست کا مستقبل محفوظ رہے گا، لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ ریاست کے قیام کے بعد اتراکھنڈ کے قدرتی وسائل کا استعمال باہر کے لوگ کر رہے ہیں اور اتراکھنڈ کی حکومت دہلی سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چل رہی ہے۔
راہل گاندھی جمعرات کو الموڑہ میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ راہل گاندھی کو آج ’پریورتن کا شنکھ دان‘ پروگرام کے حصے کے طور پر سمکانی، الموڑہ میں ایس ایس جے یونیورسٹی کے کھیل کے میدان میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرنا تھا اور تقریب کے مقام پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی، لیکن خراب موسم کی وجہ سے پنت نگر سے ان کا ہیلی کاپٹر اڑان نہیں بھر سکا۔ ان کے ہیلی کاپٹر نے الموڑہ کے لیے اڑان بھری لیکن انہیں واپس آنا پڑا۔ راہل گاندھی نے پنت نگر ہوائی اڈے سے اپنے فون کے ذریعے اجتماع سے خطاب کیا۔

