وراٹ کوہلی افغانستان ون ڈے سیریز سے باہر، یشسوی جیسوال کوملا موقع

تاثیر 06 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 6 جون: بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی افغانستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل 2026) میں ٹیم کی ٹائٹل جیتنے والی مہم کے دوران انہیں ہیمسٹرنگ میں چوٹ لگی تھی۔ٹیم میں ان کی جگہ یشسوی جیسوال کو شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹر کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری دیوجیت سائیکیا نے اس کی جانکاری دی کہ زخمی وراٹ کوہلی کی جگہ یشسوی جیسوال کو بھارت بمقابلہ افغانستان ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔افغانستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 13 جون سے ہوگا۔ اس سے پہلے نیو چنڈی گڑھ میں دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ ہوگا۔وراٹ کوہلی اب بھارت کے لیے صرف ون ڈے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ وہ پہلے ہی ٹی 20 آئی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ ان کا آخری ون ڈے جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں تھا۔
کوہلی آئی پی ایل 2026 میں شاندار فارم میں تھے۔ انہوں نے 16 اننگز میں 56.25 کی اوسط اور 165.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے 675 رن بنائے۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 105 کے سب سے زیادہ اسکور کے ساتھ 1 سنچری اور 5 نصف سنچریاں بنائیں۔ یشسوی جیسوال نے فروری 2025 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیاتھا۔ انہوں نے اب تک 4 ون ڈے کھیلے ہیں۔ دسمبر 2025 میں، وشاکھاپٹنم میں جنوبی افریقہ کے خلا ف ناقابل شکست 116 کے ساتھ اپنی پہلی ون ڈے سنچری بنائی تھی۔