تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،26جون:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک جلد ہی امریکی کسانوں سے گندم، سویا بین اور مکئی خریدے گا، جس کے لیے امریکی پابندیوں کے تحت منجمد ایرانی اثاثوں کا استعمال کیا جائے گا۔ٹرمپ نے آج جمعے کے روز مزید کہا کہ امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تیزی سے ختم کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔دوسری جانب ایرانی مذاکرات کاروں کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے زور دے کر کہا کہ امریکا کا یہ اعلان کہ تہران منجمد اثاثوں کو امریکی زرعی مصنوعات خریدنے کے لیے استعمال کرے گا، درست نہیں ہے۔قالیباف نے جو ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عہدے پر بھی فائز ہیں، جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر لکھا ’امریکا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے کہ جن رقوم کو جاری کیا جائے گا انہیں اس کی زرعی مصنوعات خریدنے پر خرچ کیا جائے گا۔ تعجب ہے! واحد پیداوار جو ہم حاصل کر رہے ہیں وہ وہی ہے جسے آپ لوگوں نے برسوں سے بویا ہے: دہائیوں پر محیط عدم اعتماد!‘۔

