تاثیر 2 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو، 2 جولائی :بنگلورو جنوبی تعلقہ کے مادپٹن گاؤں کے قریب کاویری کرشرپتھرکی کان میں جمعرات کو ایک زبردست چٹان گرنے سے سات مزدوروں کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو آر آر اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔
سنٹرل زون کے آئی جی پی گریش نے بتایا کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق ایک بڑی چٹان تقریباً 40 فٹ کی اونچائی سے اچانک ٹوٹ کر نیچے کام کرنے والے مزدوروں پر جا گری۔ حادثے کے وقت کان میں شمالی ہندوستان کے 10 سے 15 مزدور اور 2 سے 3 مقامی مزدور کام کر رہے تھے۔ مرنے والوں کی شناخت مدھیہ پردیش کے رہنے والے راجپال سنگھ، ستیہ نارائن سنگھ، رام اوتار سنگھ، بھونیشور سنگھ اور راجندر پرساد، چھتیس گڑھ کے رہنے والے نوہر اور کرناٹک کے رہنے والے رامو کے طور پر ہوئی ہے۔

