شہ زوروں نے سڑک کے بیچ میں نوجوان پر حملہ کرکے اس کے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے، بی جے پی لیڈر پر الزام

تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مہوبہ، 15 جولائی: یوپی کے مہوبہ ضلع ہیڈکوارٹر میں پولیس سے بے خوف شہ زوروں کے ذریعہ غنڈہ گردی اور مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پرانی دشمنی کی بنا پر پیٹرول پمپ پر پیٹرول بھرنے آئے نوجوان پر غنڈوں نے کلہاڑی اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے اس کے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ زخمی کو میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا ہے۔ پٹرول پمپ پر کھلے عام پیش آنے والے سنسنی خیز واقعے نے سب کو چونکا دیا ہے۔ زخمی کے والد نے بی جے پی یووا مورچہ کے لیڈر اور اس کے ساتھیوں پر اس واقعہ کو انجام دینے کا الزام لگایا ہے۔
منگل کی رات، سبھاش نگر کا رہنے والا جیویندر سنگھ عرف وکی ٹھاکر (28) اپنی کار میں ایندھن بھرنے کے لیے ضلع ہیڈ کوارٹر کانپور ساگر نیشنل ہائی وے پر واقع ایک پٹرول پمپ پر پہنچا تھا،جہاںپہلے ہی سے تاک میں بیٹھے غنڈوں نے نوجوان کوگھیر لیا اور جان لیوا حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اس پر کلہاڑی سے کئی بار حملہ کیا جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔حملہ میں وکی ٹھاکر کے دونوں ہاتھ کٹ گئے اور سر اور ٹانگوں پر گہرے زخموں سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
حملہ آورواردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا، جہاں وہ موت وزندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔