تاثیر 27 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
موریگاؤں (آسام)، 27 جولائی:آسام میں سیلاب کی صورتحال میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن جنگلی حیات پر اس کا اثر برقرار ہے۔ پوبیتورہ وائلڈ لائف سینکچری کے تمولیڈووا علاقے میں پیر کی صبح ایک سینگ والے گینڈے کی لاش برآمد ہوئی۔
محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق گینڈے کی موت شکاریوں کے حملے سے نہیں ہوئی ہے ۔ابتدائی جانچ میں مانا جا رہا ہے کہ صحت کے متعلق وجوہ یا سیلاب کے تیز پانی سے لمبے وقت تک جدو جہد کرنے کے سبب کمزور ہو جانے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔
مردہ گینڈے کا سینگ مکمل طور پر برقرار حالت میں برآمد ہوا۔ پوبیتورا فاریسٹ رینج آفیسر اجول چودھری نے تصدیق کی کہ سینگ کو محکمہ جنگلات نے بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ گینڈے کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

