مشن نیا سویرا کے تحت صدر تھانہ میں ورکشاپ، انسانی اسمگلنگ اور کم عمری کی شادی کے خلاف حلف دلایا گیا

تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) صدر تھانہ احاطے میں جمعہ کے روز پولیس انتظامیہ اور سینٹر ڈائریکٹ دربھنگہ کے کوچ پروجیکٹ کے اشتراک سے مشن نیا سویرا کے تحت انسانی اسمگلنگ، چائلڈ لیبر، کم عمری کی شادی اور جبری مشقت کے خاتمے کے موضوع پر ایک بیداری ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں سماجی برائیوں کے خلاف مشترکہ مہم چلانے اور بچوں کو محفوظ و تعلیمی ماحول فراہم کرنے کا عزم کیا گیا پروگرام میں پولیس انسپکٹر منوج کمار، تھانہ صدر راکیش کمار، چائلڈ ویلفیئر افسر بلونت سنگھ، ایس آئی کمار سانو گپتا، کرشنا کمار سنگھ، سینٹر ڈائریکٹر اور بلاک کوآرڈینیٹر ممتا کماری اور نشا کماری کی قیادت میں موجود تمام شرکاء نے انسانی اسمگلنگ، چائلڈ لیبر، کم عمری کی شادی اور جبری مشقت کے خلاف سماج کو بیدار کرنے کا حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہر بچے کو اسکول سے جوڑنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا وعدہ کیا گیا۔ورکشاپ کے دوران پرورش یوجنا کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں اور اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ مستحق بچوں تک اس اسکیم کا فائدہ پہنچایا جائے۔ ممتا کماری نے کہا کہ بچوں کے تحفظ اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے پنچایت اور کمیونٹی کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کا دوبارہ داخلہ یقینی بنانے کی اپیل بھی کی۔ پولیس انسپکٹر منوج کمار نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ، چائلڈ لیبر اور کم عمری کی شادی جیسی سماجی برائیوں کے خلاف سماج اور پولیس کی مشترکہ شمولیت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیداری ہی ایسے جرائم کی روک تھام کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ تھانہ صدر راکیش کمار نے کہا کہ بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے معاملات کی اطلاع ملتے ہی فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ورکشاپ کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ بلاک کی تمام پنچایتوں اور اسکولوں میں چوپال، عوامی مکالمہ، بال سبھا، مینا منچ، ریلی، پوسٹر اور دستخطی مہم کے ذریعے عوامی بیداری پیدا کی جائے گی۔ اس موقع پر چوکیدار رام بالک کمار، وید ناتھ کمار، راجا کمار، نور عالم، رتن پاسوان سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے