تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 25 جولائی :۔ اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آگ لگنے سے 15 افراد کی موت کے بعد متاثرہ عمارت کو آج منہدم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔ مسماری کا عمل پولیس کی نگرانی میں مشینری کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ انہدام کے لیے جے سی بی ،پوکلین اور ہائیڈرولک مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے زونل افسر مدھویش کمار نے بتایا کہ 45 افسران اور ملازمین کی ایک ٹیم ہفتہ کی صبح علی گنج پہنچی اور انہدام کا کام شروع کیا۔ اس سے قبل پولیس کی ٹیم نے آس پاس کی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کو محدود کردیا۔ انہدام کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ آپریشن کے دوران عمارت کے مالک وریندر شکلا کی نمائندگی کرنے والے وکیل راجندر شکلا نے مسماری پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے نے 25 جولائی کی ڈیڈ لائن دی تھی تو اس دن کارروائی کیسے کی؟ وہ اس کارروائی کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

