دہلی میں بی جے پی رہنماؤں نے وزیراعظم کے ’من کی بات‘سنی، کارگل کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا

تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 136ویں قسط اتوار کو دہلی بھر میں بڑے پیمانے پر سنی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی دفتر سمیت دارالحکومت کے تقریباً 6,450 مقامات پر پارٹی کارکنوں اور عوام نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
بی جے پی کے دہلی صدر ہرش ملہوترا نے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رادھا موہن داس اگروال، اڈیشہ سے رکن پارلیمنٹ بلبھدر مانجھی، بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے صدر رجت چودھری، دفتر کے انچارج کیلاش جین، امت گپتا اور دیگر کارکنوں کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ’من کی بات‘پروگرام سنا۔
پروگرام کے اختتام پر ہرش ملہوترا اور دیگر رہنماؤں نے کارگل جنگ کے شہداء کی یاد میں خاموشی اختیار کی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش ملہوترا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب نہایت متاثر کن اور حوصلہ افزا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کارگل وجے دیوس کے موقع پر وزیراعظم نے ملک کے بہادر شہداء اور فوجیوں کی جرأت و قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کی بڑھتی ہوئی دفاعی خود کفالت کا ذکر کرتے ہوئے آئی این ایس مہندرگیری، پناکا لانگ رینج گائیڈڈ راکٹ اور کُشا میزائل کے کامیاب تجربات کو ملک کی سائنسی اور دفاعی صلاحیت کی بڑی کامیابیاں قرار دیا۔ہرش ملہوترا نے بتایا کہ وزیراعظم نے ’کیچ دی رین‘ مہم کے ذریعے عوام سے پانی کے ہر قطرے کو محفوظ رکھنے، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور آبی وسائل کی بحالی میں حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔