کانگریس دھرمیندر پردھان کے استعفٰی سمیت تین مطالبات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی: راہل گاندھی

تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 24 جولائی :نیٹ کے سوالیہ پیپر لیک معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کو لے کر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعطل جاری ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے واضح کیا ہے کہ کانگریس تین مطالبات پر اٹل ہے: وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ، طلباء کے خلاف پولیس کارروائی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی، اور وزیر اعظم نریندر مودی کا معافی مانگنا۔ ہم ان مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کو بتایا کہ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ان سے بحث جاری رکھنے کی اجازت دینے کو کہا۔ جب انہوںنے جواب دینے کی کوشش کی تو ان کا مائکروفون بند کر دیا گیا اور انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کا موقف واضح ہے۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ کرپشن کے ذمہ دار وزیر تعلیم مستعفی ہوں۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ طلباء پر حملہ کرنے والوں کا احتساب کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ وزیراعظم طلبہ سے معافی مانگیں۔