بارش سے ہونے والے حادثات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ، وجے وڈیٹیوار کا حکومت سے جواب طلب

تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 6 جولائی : کانگریس کے رہنما وجے وڈیٹیوار نے ممبئی سمیت مہاراشٹر میں مسلسل بارش کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور غفلت کے ذمہ دار افسران و متعلقہ محکموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان حادثات میں بے گناہ شہری اپنی جانیں گنوا رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
ریاستی اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ ممبئی میں مین ہول میں گرنے، درخت گرنے اور مانخورد میں عمارت منہدم ہونے جیسے واقعات میں کئی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ صرف گزشتہ دو دنوں کے دوران ممبئی میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام واقعات نے انتظامیہ کی تیاریوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اگر مانسون سے قبل خطرناک عمارتوں کا سروے، درختوں کی شاخوں کی کٹائی، مین ہولز کو محفوظ بنانے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرنے اور ہنگامی منصوبہ بندی پر مؤثر عمل درآمد کیا جاتا تو کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔