تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حاجی پور /ویشالی (شرافت خان): ضلع مجسٹریٹ ویشالی ورشا سنگھ (آئی اے ایس) کی ہدایت پر ضلع صنعت مرکز کی جانب سے “اُدیمی سنواد” (کاروباری مکالمہ) پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اُدیمی یوجنا سے مستفید صنعت کاروں نے اپنے تجربات بیان کیے اور صنعتوں کے قیام و چلانے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اپنی تجاویز انتظامیہ کے سامنے رکھیں۔ اجلاس میں رودرانش رائس مل کے مالک نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اُدیمی یوجنا کے تحت انہیں اپنا صنعتی ادارہ قائم کرنے کا موقع ملا، جس کی بدولت آج وہ خود کفیل ہیں اور اپنے گاؤں کے دو افراد کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اسی دوران ایک صنعت کار نے مصنوعات کی برانڈنگ، لوگو کی تیاری اور ایف ایس ایس اے آئی (FSSAI) لائسنس سے متعلق معلومات طلب کیں۔ اس پر متعلقہ افسران نے ضروری رہنمائی فراہم کی اور ایم ایس ایم ای متر کو ہدایت دی گئی کہ آئندہ بھی صنعت کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں متعدد صنعت کاروں نے بجلی سے متعلق مسائل بھی اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ بجلی بل اور فکسڈ ڈیمانڈ چارج کی وجہ سے چھوٹی صنعتوں کو ابتدائی مرحلے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پر ضلع صنعت مرکز کے جنرل منیجر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں متعلقہ محکمہ کو خط ارسال کرکے ضروری کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے افسران کو ہدایت دی کہ صنعت کاروں کی جانب سے پیش کی گئی تمام شکایات اور مسائل کا مقررہ مدت کے اندر ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا، خود روزگاری کو فروغ دینا اور سرکاری اسکیموں کے فوائد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو صنعت کاروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

