ڈوڈہ پولیس نے غیر قانونی کانکنی میں ملوث گاڑیوں کو ضبط کیا

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 09 جولائی: ڈوڈہ پولیس نے غیر قانونی کان کنی اور معدنی مواد کی غیر مجاز نقل و حمل کے خلاف جاری مہم کے دوران دو ٹپروں کو ضبط کرکے متعلقہ محکمہ کے حوالے کر دیا، جبکہ محکمہ کان کنی نے دونوں گاڑیوں پر مجموعی طور پر 23 ہزار 234 روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ کراڑہ کی جانب سے چیکنگ کے دوران ایک ٹپر کو روکا گیا۔ یہ گاڑی عمر اکبر شاہ ولد محمد اکبر شاہ سکنہ پرانو، ضلع ڈوڈہ چلا رہا تھا۔ جانچ کے دوران گاڑی میں ریت لدی ہوئی پائی گئی، تاہم ڈرائیور مطلوبہ ای چالان یا فارم ایف پیش نہ کر سکا۔ اس پر گاڑی ضبط کرکے معاملہ ضلع معدنیات افسر، ڈوڈہ کے سپرد کر دیا گیا، جس کے بعد محکمہ کان کنی نے 11 ہزار 518 روپے جرمانہ عائد کیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں انچارج پولیس پوسٹ کراڑہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک ٹپر کو روک کر تلاشی لی۔ یہ گاڑی اشفاق احمد ولد شمس دین سکنہ ملہوٹہ، تحصیل ٹھاٹھری چلا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں ڈسٹ لدی ہوئی تھی اور ڈرائیور اس کی نقل و حمل کے لیے مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔ چنانچہ گاڑی ضبط کرکے مزید کارروائی کے لیے ضلع معدنیات افسر کو مطلع کیا گیا، جس پر محکمہ کان کنی نے 11 ہزار 716 روپے جرمانہ عائد کیا۔