ساڑھے تین کروڑ روپے کے ساڑھے چار کوئنٹل گانجے کے ساتھ ڈرائیور گرفتار

تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 6 جولائی: اتر پردیش کے کانپور میں کمشنریٹ پولیس نے آپریشن وائٹ پاؤڈر کے تحت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کل دیر رات سجیتی تھانے کے علاقے سے ساڑھے چار کوئنٹل گانجہ ضبط کیا۔ اڈیشہ سے راجستھان لے جائی جا رہی اس کھیپ کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت کا اندازہ تقریباً 3.5 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس اسمگلنگ میں ملوث بین ریاستی نیٹ ورک کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اے ڈی سی پی ساؤتھ سمیت سدھاکر رامٹیکے نے بتایا کہ ان کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ اڈیشہ سے بڑی مقدار میں گانجہلے کرایک ٹرک کانپور کے راستے راجستھان جا رہا ہے۔ اس کے بعد اے سی پی گھاٹم پور کرشن کانت کی ہدایت پر سجیتی پولیس نے بری پال مارکیٹ کے قریب محاصرہ کیا اور مشکوک ٹرک کو روکا۔ تلاشی کے دوران ٹرک کے اندر چھپائے گئے گانجے کے سینکڑوں بنڈل برآمد ہوئے۔ پولیس کارروائی کے دوران ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا تاہم پولیس ٹیم نے تعاقب کرکے اسے پکڑ لیا۔