تاثیر 27 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
غازی آباد، 27 جولائی:اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں رہنے والے ہندو شدت پسند رہنما ستیم پنڈت کا ایک اشتعال انگیز اور قابل اعتراض بیان وائرل ہو نے کے بعد ہنگامہ شروع ہو گیا ہے ۔ انہوں نے اشتعال انگیزی کے ذریعہ مبینہ طور پرکانوڑ یاترا کے دوران ایک مسلم افسر کی جگہ ہندو افسر کی تقرری کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ہندو تنظیم کے کارکن ستیم پنڈت کی دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ ایک ویڈیو میں ستیم پنڈت نے کہا کہ کانوڑ یاترا کے دوران کسی مسلمان افسر کو تعینات نہیں کیا جانا چاہیے۔ پنڈت نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مطالبہ کیا کہ نندگرام کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر ضیاء الدین احمد کو ہٹا کر ان کی جگہ کسی ہندو افسر کو تعینات کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سٹی/ٹرانس ہنڈن) دھول جیسوال نے بتایا کہ پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔

