تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 3 جولائی:مہاراشٹر میں گزشتہ تین دن سے جاری موسلادھار بارش نے جمعہ کو ممبئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے پونے اور رائے گڑھ اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جبکہ ممبئی، تھانے، پالگھر سمیت کونکن، ودربھ اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کے لیے شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع میں تمام ایمرجنسی نظام کو مکمل طور پر الرٹ رکھا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے اور اس کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ خاص طور پر ممبئی، کونکن، ودربھ اور وسطی مہاراشٹر کے متعدد علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ممبئی میں آئندہ بہتر گھنٹوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔ بعض علاقوں میں صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

