تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 08 جولائی:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز خط چناب میں موسلا دھار بارش کے باعث آنے والے اچانک سیلاب نے ضلع ڈوڈہ اور کشتواڑ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس سے سڑک رابطے منقطع ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ضلع ڈوڈہ میں پریم نگر کے مقام پر سیلابی ریلے اور ملبہ آنے کے باعث قومی شاہراہ 244 بند ہو گئی، جس سے دونوں جانب متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ شاہراہ کی بحالی کے لیے متعلقہ محکموں کی جانب سے کام جاری ہے۔شاہراہ کی بندش کے باعث سالانہ مچیل یاترا بھی متاثر ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے یاتریوں اور دیگر مسافروں سے اپیل کی ہے کہ راستہ مکمل طور پر محفوظ قرار دیے جانے تک اس شاہراہ پر سفر سے گریز کریں۔

