انجمن ترقیِ اردو ضلع بیگو سرائے کی اہم اجلاس، اردو کے فروغ اور تنظیمی استحکام کے لیے متعدد اہم فیصلے

تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بیگو سرائے( کونین علی) 23 جولائی انجمن ترقیِ اردو ضلع بیگو سرائے کا ایک اہم اجلاس آج ہوٹل ڈی لائٹ (ڈاکٹر شوکت علی صاحب کے کلینک کی بالائی منزل)، بیگو سرائے میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی نظامت حافظ و قاری محمد نہال الدین اشاعتی نے انجام دی، جبکہ صدارت جناب غلام محی الدین چاند صاحب نے فرمائی۔ اجلاس کا آغاز قاری محمد ارمان نظر الحق جامعی نے تلاوت کلام اللہ سے کی، اجلاس کے آغاز میں انجمن ترقیِ اردو بہار کے معزز سکریٹری، سابق چیئرمین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ، جناب عبد القیوم انصاری صاحب کی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انجمن کے جنرل سکریٹری حافظ محمد روح اللہ نے ان کی علمی، ادبی، تعلیمی اور تنظیمی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عبد القیوم انصاری صاحب نے ریاستِ بہار میں اردو زبان کے فروغ، تعلیمی اداروں کی مضبوطی اور انجمن ترقیِ اردو کی فعالیت کو نئی سمت عطا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اراکین سے اپیل کی کہ وہ ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد، اخلاص اور عملی جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں۔ اس کے بعد اجلاس میں پیش کردہ ایجنڈوں میں سے پانچ اہم ایجنڈوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ حافظ محمد روح اللہ نے تمام ایجنڈوں کی وضاحت کرتے ہوئے اراکین سے تبادلۂ خیال کیا، جس کے بعد متعدد اہم تجاویز کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کے ہر بلاک میں اردو اساتذہ، مدارس کے معلمین اور اردو زبان سے وابستہ افراد کو انجمن سے جوڑا جائے، تاکہ تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور اردو کے فروغ کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ معاون اُردو مترجمین کی تقرری کے سلسلے میں بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن (BSSC) کو باضابطہ مکتوب ارسال کیا جائے۔ نیز انجمن کے سکریٹری کے دستخط سے ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، بیگو سرائے کو مکتوب لکھا جائے، جس میں اُردو ڈائریکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومتِ بہار کے مکتوب نمبر 482 مورخہ 10 مارچ 2026ء پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر انجمن کے اراکین نے اردو زبان کے فروغ، تنظیمی استحکام اور سرکاری سطح پر اردو کے نفاذ کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ متفقہ طور پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انجمن کا آئندہ اجلاس 4 اگست 2026ء کو منعقد ہوگا، جس میں باقی ماندہ ایجنڈوں پر غور کیا جائے گا۔ موقع پر مفتی شبیر انور قاسمی، مولانا مظہر الحق قاسمی، مفتی نہال خان، حافظ تکمیل، مولانا فضل اکبر، قاری عبد الوحید، حافظ محمد عارف، ماسٹر اشرف، ڈاکٹر ذوالفقار علی، مولانا عبد الباسط ندوی، مولانا اختر ، حافظ حنظلہ حبیبی، ماسٹر شفیع احمد،