تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 26 جولائی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 136ویں قسط میں ملک کے نوجوانوں، سائنس، ماحولیات، دفاع، کھیل، خود کفالت، ہنرمندی اور ثقافتی ورثے سمیت متعدد اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملک کی نوجوان نسل پر بے حد فخر ہے اور یقین ہے کہ بھارت کے نوجوان ہر شعبے میں ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں اولمپیاڈ اور ہیکاتھون جیسے علمی و اختراعی مقابلوں کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے، جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ایسے پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور عالمی سطح پر بھارت کا پرچم بلند کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ خلائی شعبے کو نجی کمپنیوں کے لیے کھولنے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے نجی شعبے کے تیار کردہ بھارت کے پہلے راکٹ ’وکرم-1‘ کی کامیاب لانچنگ کو ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی نوجوانوں کی صلاحیت، اختراع، مہارت اور عزم کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈ میں بھارتی طلبہ کی شاندار کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ طبیعیات اور کیمیا کے اولمپیاڈ میں تمام بھارتی طلبہ نے طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ حیاتیات کے اولمپیاڈ میں بھی تمام شرکاء نے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔

