تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
آکلینڈ، 11 جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو ایک اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ریکارڈ وقت میں مکمل ہوا آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) ، صنعت، کسانوں اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کھولے گا اور اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی طرف سے منعقدہ ایک سرکاری ضیافت میں شرکت کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ چالیس سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا نیوزی لینڈ کا پہلا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیر اعظم لکسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے استقبال کی گرمجوشی سے آکلینڈ کی سردی بھی کم محسوس ہوتی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جمہوری اقدار میں مشترکہ یقین ہندوستان اور نیوزی لینڈ کو قدرتی شراکت دار بناتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نے گزشتہ چند سالوں میں نئی رفتار حاصل کی ہے اور اب انہیں ٹھوس اہداف اور عملی تعاون کے ساتھ مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

