تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 3 جولائی:پٹنہ میں قائم خان گلوبل اسٹڈیز کے ڈائریکٹر فیصل خان عرف خان سر کی پیشگی ضمانت کی درخواست جمعہ کے روز نہیں سنی جاسکی۔ پٹنہ سول کورٹ میں ضلع اینڈ سیشن جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے معاملے کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔ عدالت اب اس معاملے کی سماعت 7 جولائی کو کرے گی۔جمعہ کے روز فیصل خان اور مقدمہ کے دیگر ملزمین کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ہونی تھی تاہم ڈسٹرکٹ جج کی عدم حاضری کے باعث کسی بھی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔ اس کے بعد عدالت نے تمام متعلقہ درخواستوں کی اگلی سماعت کے لیے 7 جولائی کی تاریخ مقرر کی۔اس سے قبل 30 جون کو سماعت کے دوران عدالت نے معاملے میں ملوث اسلحہ سے متعلق دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ اس روز سرکاری وکیل نے دلیل دی کہ واقعے کے وقت فیصل خان کی سیکورٹی کے لیے تعینات دونوں گارڈ کے پاس غیر قانونی اسلحہ تھا۔ استغاثہ کے اس دعوے کے بعد عدالت نے پولیس اور دیگر فریقین کو حکم دیا کہ وہ اسلحے سے متعلق دستاویزات اور دیگر متعلقہ ریکارڈ پیش کریں تاکہ کیس کے حقائق کا جائزہ لیا جاسکے۔

