تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 12 جولائی : لداخ میں انتظامی اصلاحات کے تحت لیفٹیننٹ گورنر نے 17 نئی تحصیلوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں تحصیلوں کی مجموعی تعداد 15 سے بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔ اس اقدام کو 2019 میں لداخ کو مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ بنائے جانے کے بعد ریونیو انتظامیہ کی سب سے بڑی تنظیمِ نو قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نئی انتظامی تقسیم کا مقصد ہر ریونیو گاؤں کو ایک ہی تحصیل کے دائرہ اختیار میں لانا اور ہر تحصیل کو ایک ہی ضلع سے منسلک کرنا ہے، تاکہ سابقہ انتظامی اور دائرہ اختیار کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ اس فیصلے سے انتظامی نظام کو مؤثر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے اور دور دراز و سرحدی علاقوں کے لوگوں تک سرکاری سہولیات آسانی سے پہنچانے میں مدد ملے گی۔
نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت ضلع لیہہ میں پانچ، کرگل میں سات، چانگ تھانگ میں چار، نوبرا میں چھ، زنسکار میں چار، شام میں پانچ جبکہ دراس میں ایک تحصیل قائم ہوگی۔

