تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 جولائی: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے پیپر لیک کے معاملات کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کی یقین دہانی کرانے پر وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ فاسٹ ٹریک عدالتوں کی یہ نوٹنکی نہ کریں۔ اگر آپ کی سی بی آئی عدالت کے سامنے ثبوت ہی پیش نہیں کرے گی تو عدالت کیا کر لے گی؟ جمعرات کو ہی آپ کی سی بی آئی نے کہا کہ 2024 کے پیپر لیک معاملے میں گرفتار کیے گئے سنجیو مکھیا کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ 2024 کے پیپر لیک معاملے میں تو آپ کی سی بی آئی نے 90 دن تک چارج شیٹ ہی داخل نہیں کی، جس کی وجہ سے تمام پیپر چور رہا ہوگئے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ حکومت کا دوہرا کردار دیکھیے کہ جب ایک دن پہلے 55 ارکان پارلیمنٹ کے دستخط کے ساتھ اپوزیشن کا وفد سونم وانگچک سے ملاقات کرنے گیا تو مودی حکومت نے انہیں ملاقات نہیں کرنے دی، لیکن آج خود مرکزی وزیر ان سے ملاقات کرنے پہنچ گئے۔ سبھی کو سونم وانگچک کی صحت کی فکر تھی اور ان کی زندگی ملک کے لیے بے حد قیمتی ہے، اس لیے ان کی بھوک ہڑتال ختم ہونا ایک اچھی بات ہے۔

