تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 28 جولائی: مغربی بنگال حکومت نے سواستھیہ ساتھی اسکیم کے تحت آنے والے، لیکن سماجی و اقتصادی معیارات کی وجہ سے آیوشمان بھارت اسکیم سے استفادہ نہیں کر سکنے والے کنبوں کے لیے ایک نئی ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری نے اعلان کیا کہ اہل خاندانوں کو ’’مکھیہ منتری سواستھیہ بیما یوجنا (ایم ایم ایس بی وائی )‘‘ کے تحت ہر سال 5 لاکھ تک کیش لیس علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔
محکمہ صحت کے ذریعہ ہفتہ کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد ان کنبوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے جو سواستھیہ ساتھی اسکیم کے مستفید ہیں لیکن آیوشمان بھارت اسکیم کے اہل نہیں ہیں۔ تاہم، جن خاندانوں کی سالانہ آمدنی 8 لاکھ روپے سے زیادہ ہے، جو کسی دوسری ریاست یا مرکزی حکومت کی ہیلتھ اسکیم یا ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس (ای ایس آئی ) کے تحت آتے ہیں، یا جن کی عمر 70 سال سے زیادہ ہے، اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت ہی شامل رہیں گے۔

