تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 جولائی:پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے تیسرے دن اپوزیشن نے نیٹ کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے، جنتر منتر پر طلباء کے خلاف پولیس کارروائی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ جھڑپ کو لے کر دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ کیا۔ مختصر التوا کے بعد دوپہر 12 بجے کارروائی دوبارہ شروع ہوئی، لیکن اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا، جس کے نتیجے میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے لوک سبھا میں کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت غیر حساس رویہ اپنا رہی ہے اور اپوزیشن کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے جواب دیا کہ حکومت نیٹ پیپر لیک کے معاملے پر بات کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور نوجوانوں کے مستقبل پر بامعنی بحث چاہتی ہے۔

