تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 12 جولائی: صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے معروف گلوکارہ ایس جانکی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال سے موسیقی کی دنیا ایک ایسی مایہ ناز شخصیت سے محروم ہو گئی ہے جس کی غیر معمولی گلوکاری نے نسلوں کو مسحور کیا تھا۔
‘نائٹنگل آف ساوتھ انڈیا’ کے نام سے مشہور ایس جانکی کا ہفتہ کو میسور میں 88 سال کی عمر میںطویل عمر اور بیماری کے باعث انتقال ہو گیا۔ ان کا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط تھا، اس دوران انہوں نے 20 سے زائد زبانوں میں 48,000 سے زیادہ گانے گائے۔ ایس جانکی نے ہندوستانی سنیما میں بے شمار سدا بہار گانے گائے۔ ان کے مقبول گانوں میں “یار بنا چین کہاں رے” (بپی لاہری کے ساتھ)، “گوری کا ساجن، ساجن کی گوری”، “سن روبیہ”، اور “گھائل گھائل تونے مجھے کر دیا” شامل ہیں۔ “نینو میں نندیا ہے” اور “حسینوں کا دستور” بھی ان کے قابل ذکر ہندی گانوں میں سے ہیں۔

