تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بانسواڑہ، 29 جولائی:راجستھان کے بانسواڑہ ضلع کے داہود روڈ پر واقع سینٹ پال اسکول سے بچوں کو لے جانے والی وین سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اس المناک حادثے میں ایک طالب علم جاں بحق، جب کہ 14 دیگر بچے زخمی ہوئے۔ ان میں سے تین بچوں کی حالت نازک ہے، اور ایک کو بہتر علاج کے لیے ادے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے وقت وین میں کل 15 بچے اسکول جا رہے تھے۔
جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔ زوردار شور سن کر آس پاس کے لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور بڑی محنت سے اندر پھنسے بچوں کو نکالا۔ مقامی لوگوں نے ایمبولینس اور پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو مہاتما گاندھی اسپتال پہنچایا۔ زخمی بچوں کی بڑی تعداد میں یک ساتھ اسپتال پہنچنے سے افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر کئی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعض کو سی پی آر بھی دیا گیا۔

