تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پولیس پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی، ایک کے پیر میں لگی گولی ، دوسرا بھاگنے کے دوران زخمی؛ دونوں زیرِ علاج.
حاجی پور/سمستی پور (شرافت خان): ویشالی ضلع کے بلیگاؤں تھانہ حلقہ کے علی نگر لیوڑھن گاؤں کے قریب جمعہ کو ایس ٹی ایف اور سمستی پور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران دو خطرناک جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مڈبھیڑ ہوگئی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان لوٹ سمیت کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشترکہ ٹیم خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی تھی کہ اسی دوران جرائم پیشہ افراد نے پولیس اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں محدود فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم امن سہنی کے پیر میں گولی لگ گئی، جبکہ دوسرا ملزم لکشمی ساہنی فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی ہو گیا اور اس کے پیر میں فریکچر آ گیا. دونوں زخمی ملزمان کو پولیس کی تحویل میں فوری طور پر سمستی پور صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعہ کے بعد فارنسک سائنس لیبارٹری (FSL) کی ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کیے۔ ویشالی پولیس سپرنٹنڈنٹ شوبھانک مشرا اور سمستی پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ارویند پرتاپ سنگھ نے بھی موقع پر پہنچ کر جائے وقوع کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔

