تلنگانہ میں ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن

تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد ،18 جولائی تلنگانہ حکومت نے ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف ریاست بھر میں سخت کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت اوورلوڈ گاڑیاں،فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیرچلنے والی کمرشل گاڑیاں،ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیاں اورحفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی سلیپربسیں خصوصی نگرانی میں رہیں گی۔ ریاستی وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکرنے ٹرانسپورٹ کمشنرکے دفترمیں اعلیٰ حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ ریاست بھرمیں معائنوں میں تیزی لائی جائے اورٹرانسپورٹ قوانین پرسختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیاکہ جہاں بھی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں،وہاں گاڑیوں کوضبط کرنے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔وزیرنے اوورلوڈ گاڑیوں، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی کمرشل گاڑیوں اور سہ ماہی ٹیکس ادانہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں پرحادثات کی روک تھام اورعوام کی حفاظت کے لیے سخت انفورسمنٹ ناگزیرہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوگاڑی مالکان مقررہ وقت پرٹیکس ادا نہیں کریں گے،ان پربھاری جرمانہ عائد کیاجائےگااور قانون کے مطابق ضرورت پڑنے پران کی گاڑیاں بھی ضبط کی جائیں گی۔پونم پربھاکرنے کہاکہ ٹرانسپورٹ چیک پوسٹوں کے خاتمے کے بعد انفورسمنٹ کومزیدمؤثربنانے کاوعدہ کیاگیاتھا، اس لیے دستیاب عملے کابہتراستعمال کرتے ہوئے ریاست بھرمیں نگرانی اورکارروائیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ وزیر نے خاص طورپرسلیپربسوں پرکڑی نظررکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ مسافروں کی حفاظت سے سمجھوتہ کرنے والے آپریٹرزکے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سیکریٹری وکاس راج، ٹرانسپورٹ کمشنرایلامبارتھی، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنررمیش اوردیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔