تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 جولائی: کرگل وجے دیوس کی ملک گیر تقریبات کے تحت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو نئی دہلی میں نیشنل وار میموریل سے لداخ کے دراس میں کرگل وار میموریل تک 13 روزہ ’شوریہ وجے یاترا‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس مہم میں حصہ لینے والے 28 موٹرسائیکل سوار شمالی ہمالیہ کے دشوار گزار خطوں کو عبور کرتے ہوئے 1,900 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔کرگل جنگ میں جیت دلانے والے ہندوستانی جانبازوں کی ہمت، عزم اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس مہم کا نعرہ ’ون رائیڈ، ون نیشن، ون سیلوٹ‘ ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے جانباز ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات، صبر، نظم و ضبط اور بے مثال حب الوطنی کا ایک سنہرا باب لکھا جسے دنیا بھر کی فوجیں آج بھی پڑھتی اور عزت دیتی ہیں۔ تقریباً 20,000 فٹ کی بلندی اور درجہ حرارت منفی 40 ڈگریسیلسیس گرنے پر بھی ہمارے سپاہیوں نے جرات سے اپنے مقاصد کو پورا کیا۔ انہوں نے دشمن کے قبضے سے ہر چوٹی، پہاڑی اور بنکر پر دوبارہ قبضہ کیا اور ترنگے کی عزت کو برقرار رکھا۔ یہ فتح ہماری سرزمین، شناخت اور عزت پر حملہ کرنے کی دشمن کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دینے کے ہندوستان کے پختہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

