تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ (کھگول) ، 22 جولائی (نمائندہ) ثقافتی تنظیم ’’سوتردھار‘‘، کھگول کے زیرِ اہتمام جاری 21 روزہ اداکاری ورکشاپ نوجوان فنکاروں کے لئے عملی تربیت کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ یکم جولائی سے شروع اس ورکشاپ میں شرکاء کو تھیٹر کے فنی، تخلیقی اور عملی پہلوؤں کی جامع تربیت دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ان کی صلاحیتیں نمایاں طور پر نکھر رہی ہیں۔
ورکشاپ کے ڈائریکٹر ایڈوکیٹ نواب عالم کی نگرانی میں نوجوان فنکاروں کو اداکاری کی باریکیوں سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ تربیتی نشستوں میں جسمانی اظہار، صوتی ادائیگی، درست تلفظ، آواز کی مشق، جسمانی حرکات، تھیٹر گیمز، کہانی سنانے کی تکنیک، اسٹیج سجاوٹ اور امپرووائزیشن جیسی اہم تکنیک کی عملی مشقیں کرائی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فنکاروں میں تخلیقی صلاحیت، خود اعتمادی، اسٹیج ڈسپلن اور اجتماعی کام کرنے کی اسپریٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس موقع سےسینئر اسٹیج فنکار مِتھیلیش پانڈے نے کہا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو تھیٹر کے مختلف پہلوؤں سے عملی طور پر آشنا کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں نہ صرف بہتر اداکار بن سکیں بلکہ ایک ذمہ دار، حساس اور باشعور شہری کے طور پر بھی معاشرے میں اپنی مثبت شناخت قائم کریں۔ورکشاپ کے دوران معروف لوک ڈرامہ نگار بھکھاری ٹھاکر کے شہرۂ آفاق ڈرامےکی بھی تیاری کی جاری ہے۔ ڈرامے کی پیشکش 26 جولائی کو شام 6 بجے پورب مدھیہ ریلوے سینئر سیکنڈری اسکول، کھگول میں کی جائے گی، جس میں علاقے کے شائقینِ فن کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ورکشاپ کے انچارج پروفیسر پرسدھ کمار نے کہا کہ اس نوعیت کی تربیتی ورکشاپ میںنئے اور باصلاحیت رنگ کرمیوں کی بہتر تیاری ہوتی ہے۔ورکشاپ کی کامیابی اورر تربیتی سرگرمیوں میں مکیش کمار، اکھلیش سنگھ، امن کمار، سمپی سنگھ، کندن کمار، آصف حسن، لوکش کمار، ابھیجیت کمار، بھولا سنگھ، راجیو رنجن ترپاٹھی، ششی بھوشن شرما، سعود عالم اور حسنا فاطمہ وغیرہ نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

