پیچھے سے ٹرک نے کار کو ماری ٹکر، ایئر بیگ کھلنے سے ریٹائرڈ جی ایس ٹی افسر اور ان کی اہلیہ کی بچی جان

تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) سمری تھانہ علاقے میں دربھنگہ–مظفرپور این ایچ-27 پر کنور پٹی چوک کے قریب جمعہ کی صبح تقریباً نو بجے ایک تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے ایک کار کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے بنے ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے دوران کار کا ایئر بیگ کھل جانے سے اس میں سوار میاں بیوی کی جان بچ گئی۔ دونوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
زخمیوں کی شناخت مدھوبنی ضلع کے رہیکا تھانہ علاقے کے بسولی گاؤں وارڈ نمبر 13 کے رہائشی، ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر (جی ایس ٹی) 65 سالہ سدھیر کمار اور ان کی 59 سالہ اہلیہ نیلم جھا کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے گاؤں سے کار (نمبر BR-01 FS-9322) کے ذریعے پٹنہ جا رہے تھے۔ اسی دوران کنور پٹی چوک کے قریب پیچھے سے آ رہے ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی کار کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے باعث کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی انہوں نے بتایا کہ ٹکر لگتے ہی کار کا ایئر بیگ فوراً کھل گیا، جس کی وجہ سے دونوں محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کار ڈیوائیڈر کے نیچے موجود گہرے گڑھے میں جا گرتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ اطلاع ملتے ہی سمری تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تھانہ انچارج اروند کمار نے بتایا کہ دونوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ٹکر مارنے والے ٹرک کی شناخت کے لیے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی جا رہی ہے۔