تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گاندھی نگر، 10 جولائی:مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے جمعہ کو گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور ریاست کے قومی شاہراہ کے منصوبوں کا جامع جائزہ لینے کے لیے گاندھی نگر میں ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔
ریاستی محکمہ اطلاعات نے ایک بیان میں کہا کہ اس میٹنگ میں نومبر2025میں منعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعد ہوئی پیش رفت کی جانکاری چیف سکریٹری ایم کے داس اور وزیراعلیٰ کے مشیر ایس ایس راٹھور نے پیش کی۔ مرکزی وزیر نے مختلف پروجیکٹوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پریزنٹیشن کے دوران، وڈودرا-ممبئی نیشنل ہائی وے-48 کی چھ لین کام،موربی-سامکھیالی روڈ کیسامکھیالی-مالیہ سیکشن، راجکوٹ-گونڈل-جیت پور روڈ، احمد آباد-وڈودرا ایکسپریس وے، احمد آباد-گودھرا-اندور روڈ، جام نگر، -امرتسر ایکسپریس وے، پالن پور-ساماکھیالی کوریڈور اور احمدآباد-شاملاجی چھ لین کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
مرکزی وزیر گڈکری نے کہا کہ احمد آباد-دھولیرا ایکسپریس وے کو بھاو نگر تک بڑھانے کا کام اگلے تین ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ مرکزی سڑک انفراسٹرکچر فنڈ (سی آرآئی ایف) کے تحت قومی شاہراہ کے منصوبوں کے لیے اپنی تجاویز کو مرکزی حکومت تک پہنچائے۔

