تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 11 اگست: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کوئلہ گھوٹالے میں سپریم کورٹ سے کلین چٹ ملنے کے بعد ان کے خلاف عائد کئے گئے الزامات کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گمراہ کن مہم اب اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے اور ڈاکٹر سنگھ ہر الزام سے بے داغ ثابت ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ کی ایمانداری اور احتساب کا ریکارڈ موجودہ مودی حکومت کی کارکردگی کے بالکل الگ ہے۔
کھرگے نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پرڈاکٹر منموہن سنگھ پرکانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے مضمون کا اشتراک کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کے خلاف مہم منصوبہ بند اور منظم تھی، جس میں بیوروکریسی، میڈیا، عدلیہ، سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ افراد شامل تھے۔

