تاثیر 08 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کھٹمنڈو، 8 اگست: نیپال کے سنسری ضلع کے دیوان گنج میں فرقہ وارانہ تشدد کے دوران بڑے پیمانے پرنقصان پہنچا ہے۔ ضلع پولیس آفس، سنسری کی طرف سے جاری کی گئی ابتدائی معلومات کے مطابق، تشدد میں 112 مکانات اور 61 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ہندو کانوڑیوں اور ایک مسلم خاندان کے درمیان 25 جولائی کی شام ایک بحث جھگڑے میں بدل گئی۔ اس کے بعد کپٹن گنج سمیت سنسری ضلع کے مختلف علاقوں میں توڑ پھوڑ، آتش زنی اور پرتشدد مظاہرے ہوئے۔
پولیس کے مطابق توڑ پھوڑ اور آتش زنی سے متاثر ہونے والے 112 مکانات میں سے 23 پکے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اسی دوران 34 میں سے 25 کچے مکانات آگ میں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ اس کے علاوہ 50 مکانات، دو مندر، پانچ دیگر ڈھانچے اور ایک اینٹوں کے بھٹے کو بھی توڑ پھوڑ اور آتش زنی سے نقصان پہنچا۔ تشدد کے دوران 61 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ان میں سے 44 دو پہیہ اور پانچ چار پہیہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

