تاثیر 02 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
راہی فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیم، صحافت اور سماجی خدمات سے وابستہ چھ افراد اعزاز سے نوازے گئے۔
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) بہار کی راہی فاؤنڈیشن نے کل شام ارریہ میں تعلیم، صحافت اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کے اعزاز میں ایک اعزازی تقریب کا اہتمام کیا۔ فاؤنڈیشن کے سرپرست محمد طیب عالم راہی کی طرف سے منعقد کی گئی اس ایوارڈ تقریب میں مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ کے پرنسپل اور اسلامی اسکالر مولانا شاہد عادل قاسمی، شعبہ قانون کے جی پی اشوک کمار پاسوان، شعبہ صحافت میں قمر عالم، اردو اخبار کے قاری جسیم الدین، سماجی خدمت کے شعبے سے وابستہ سابق وارڈ کمشنر میر مہتاب عالم اور اینٹ بھٹہ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ضلع صدر نوشاد عالم جنہیں فاؤنڈیشن کے سرپرست طیب عالم نے شال، مومنٹو اور گلدستے سے نوازے گئے۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے سرپرست محمد طیب نے کہا کہ یہ فاؤنڈیشن کا پہلا پروگرام ہے، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نصف درجن افراد کو اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کا پروگرام تنظیم کی تاریخ میں پہلا ہے۔ ایوارڈز کی تقریب اب ہر سال منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر مولانا شاہد عادل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہی فاؤنڈیشن کا یہ اقدام یقیناً قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرے میں اچھے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی بہتر کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا شاہد عادل قاسمی، قاری جسیم الدین، صحافی قمر عالم، میر مہتاب عالم، بھائی نوشاد عالم اور محمد طیب عالم موجود تھے۔

