تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ ( نمائندہ)ساون ماہ کی پہلی سومواری کے موقع پر پیر کے روز سنگھواڑہ میں واقع قدیم بٹیشور ناتھ دھام میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ہر ہر مہادیو اور بول بم کے نعروں سے پورا مندر احاطہ عقیدت بھرے ماحول میں ڈوبا رہا صبح سویرے سے ہی عقیدت مند مندر پہنچ کر بھگوان شیو کا جل ابھیشیک، دودھ ابھیشیک اور مذہبی رسومات کے مطابق پوجا پاٹھ کرتے رہے۔ خواتین، مردوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھگوان بھولے ناتھ سے خوشحالی، امن، سکون اور ترقی کے لئے پوجا کی عقیدت مندوں کی سہولت اور سکیورٹی کے پیش نظر مندر احاطہ اور اس کے اطراف پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ بھیڑ کو منظم رکھنے کے لیے بیریکیڈنگ اور قطار وار درشن کا انتظام کیا گیا، جس کے باعث عقیدت مندوں نے پُرامن طریقے سے بابا بٹیشور ناتھ کے درشن کیے۔ پورے دن مندر احاطہ میں عقیدت مندوں کی آمد و رفت جاری رہی۔ مقامی لوگوں کے مطابق ساون کی پہلی سومواری پر ہر سال بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں آتے ہیں، اور یہ روایت برسوں سے چلی آ رہی ہے

