تاثیر 04 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 اگست: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو ای 20 ایندھن پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے وزیر اعظم کی رہائش گاہ تک مارچ کی قیادت کی۔ اس دوران ان کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا، راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ اور دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھردواج سمیت پارٹی کے کئی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔
مارچ کے دوران، اروند کیجریوال نے کہا کہ ای 20 پیٹرول پر بڑے پیمانے پر عوامی غصہ ہے اورلوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی وزیر اعظم کو ای 20 ایندھن کے خلاف 2.3 لاکھ سے زیادہ لوگوں کے دستخط شدہ پٹیشن پیش کرنے جارہی ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ ایتھنول پر مبنی ایندھن کو زبردستی لوگوں پر مسلط نہ کیا جائے اور حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔لیکن وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی طرف بڑھ رہے آپ رہنماؤں اور کارکنوں کو دہلی پولیس نے درمیان میں ہی روک دیا ۔ اس کے بعد اروند کیجریوال، منیش سسودیا، سنجے سنگھ اور دیگر لیڈروں نے فیروز شاہ روڈ پر دھرنا شروع کر دیا۔

