تاثیر 18 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
آپ تمام چوکیدار اپنے فرائض منصبی کو پوری لگن، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں گے : ونود دوہن۔
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) ضلع مجسٹریٹ ارریہ مسٹر ونود دوہن کی صدارت میں کلکٹریٹ میں ضلع “انو کمپا کمیٹی” کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ انوکمپا تقرریوں سے متعلق معاملات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا اور ضروری کارروائی کی گئی۔ میٹنگ کے بعد، ضلع مجسٹریٹ نے اپنے دست مبارک سے انوکمپا کی بنیاد پر منتخب کئے گئے 9 چوکیداروں کو تقرری نامہ سونپا۔ ضلع مجسٹریٹ ونود دوہن نے تمام 9 انوکمپا چوکیداروں کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض پوری لگن، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری ملازمت میں تقرری کے ساتھ ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ تمام نئے تعینات ہونے والے اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران عوام کے ساتھ حساس اور باعزت سلوک کو یقینی بنائیں۔ ضلع انو کمپا کمیٹی کے قواعد کے مطابق اہل مقدمات پر کارروائی کرکے انو کمپا تقرری کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ جن چوکیداروں کو تقرری نامے ملے، انہوں نے اپنی خوشی ومسرت کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

