تاثیر 10 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گوہاٹی، 10 اگست (ہ س)۔
آسام کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے پیر کو کہا کہ دھیمجی ضلع میں آسام اور اروناچل پردیش کے لوگوں کے درمیان ہوا تصادم ”تقریباً حل ہو گیا ہے۔“ یہ تصادم فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد ہوا تھا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے اور بین الریاستی سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ آسام حکومت نے صورتحال کو قابو میں کرنے اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے ایک وزیر، چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو اروناچل پردیش میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کے لیے بھیجا ہے۔
آسام-اروناچل پردیش سرحد پر واقع منگ مانگ بستی میں تصادم کے دوران اروناچل پردیش کی جانب سے نامعلوم افراد کی مبینہ فائرنگ میں تقریباً 18 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ زمین پر مبینہ قبضے کے سلسلے میں ہوئے تنازع کے بعد پیش آیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ بعد میں شدید زخمی چار افراد کو ڈبرو گڑھ کے آسام میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
یہ تازہ تصادم اروناچل پردیش کے لوئر سیانگ ضلع، جو آسام کے دھیمجی ضلع سے متصل ہے، میں کانگکو سرکل کے قریب مِسنگ برادری کے ایک نوجوان کو مبینہ طور پر گولی مارے جانے کے واقعے کے بعد ہوا۔

