تاثیر 03 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 3 اگست: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ بھارت کے کھلاڑیوں نے گلاسگو دولتِ مشترکہ کھیل 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا اور قوم کو باعثِ افتخار لمحے فراہم کیے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں تمام تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور بھارتی دستہ کے دیگر تمام اراکین کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 39 تمغے حاصل کیے، جن میں 13 طلائی تمغے شامل ہیں۔ یہ شاندار کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے لیے ان کی غیر معمولی لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر بھارت کا پرچم سربلند کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں کھیلوں کے فروغ، جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھلاڑیوں کو مسلسل فراہم کی جانے والی سہولیات کے باعث بھارت ایک نئی کھیل طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بھارتی کھلاڑی آئندہ بھی اسی جذبے، عزم اور محنت کے ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں ترنگے کی شان بڑھاتے رہیں گے۔

