تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 31 اگست: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی عوامی ریلی کے بعد مبینہ ’شْدھی کرن‘ کے معاملے میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے پر کانگریس رہنماؤں نے بی جے پی اور اتراکھنڈ حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے الزام لگایا کہ شْدھی کرن کرنے والوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جبکہ اس واقعے کے خلاف آواز اٹھانے والے راہل گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری کماری شیلجا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ کھڑگے کی عوامی ریلی کے بعد شْدھی کرن کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، لیکن اس مبینہ ذات پات پر مبنی عمل کے خلاف آواز اٹھانے والے راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔ کیا یہی حکومت کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ پہلے شْدھی کرن کیا گیا، پھر اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر نے کھلے عام اس کا دفاع کیا اور اب راہل گاندھی نے قصورواروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا تو الٹا انہی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔

