تاثیر 26 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھدوَاس کیمپ میں 6 رَعیّتوں کو 5.48 کروڑ روپے سے زائد معاوضہ کی ادائیگی کا عمل شروع
حاجی پور/ویشالی(شرافت خان) ۔ منصوبہ صنعتی علاقہ کے قیام کے لیے اراضی تحویل میں لیے جانے سے متعلق رَعیّتوں کو معاوضہ کی ادائیگی میں سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے مقصد سے ضلعی انتظامیہ نے کارروائی تیز کر دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ویشالی ورشا سنگھ نے بدھ کے روز پنچایت بھون، بھدوَاس میں منعقدہ معاوضہ تقسیم کیمپ کا افتتاح کیا۔
کیمپ کے ذریعے 6 رَعیّتوں کے درمیان مجموعی طور پر 5,48,66,406 روپے کے معاوضہ کی ادائیگی کا عمل شروع کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے کیمپ میں موجود رَعیّتوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل اور معاوضہ ادائیگی کے عمل کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو رَعیّتوں کے مسائل کا فوری ازالہ کرتے ہوئے ضابطے کے مطابق معاوضہ کی ادائیگی کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی ایم ورشا سنگھ نے کہا کہ رَعیّتوں کو معاوضہ حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس کے لیے روزانہ معاوضہ تقسیم کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ رَعیّتوں سے کیمپ میں پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کرنے اور اپنا معاوضہ حاصل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کیمپ میں وقت پر موجود رہ کر معاوضہ ادائیگی کے عمل کو آسان، شفاف اور حساس انداز میں مکمل کیا جائے۔ کسی بھی رَعیّت کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کے مسائل کا مقامی سطح پر ہی فوری حل یقینی بنایا جائے۔
ضلع مجسٹریٹ نے معاوضہ ادائیگی کے عمل کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اہل رَعیّتوں کو ضابطے کے مطابق جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ضلعی انتظامیہ کی اس پہل سے منصوبہ صنعتی علاقہ کے لیے اراضی تحویل سے متعلق معاوضہ ادائیگی کے عمل میں تیزی آنے کے ساتھ رَعیّتوں کو مقامی سطح پر سہولت بھی حاصل ہوگی۔ کیمپ کے دوران موقع پر مہوا کے سب ڈویژنل افسر وویک چندر پٹیل، مہوا کے ڈی سی ایل آر خوشبو پٹیل، بلاک ڈیولپمنٹ افسر سوربھ برنوال، سرکل افسر منی کمار ورما، پنچایتی راج افسر منّا کمار اور اراضی حصولیابی افسر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

